تعلیمی اداروں میں سکیورٹی الرٹ جاری، سرچ آپریشن ہو گا
وزارت داخلہ کاسرکاری یونیورسٹیوں،کالجوں اورسکولوں میں انتظامات کاازسرنوجائزہ لینے کافیصلہ،ضلعی انتظامیہ،سپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے چیکنگ کرینگےپرائیویٹ تعلیمی اداروں کو48گھنٹوںمیں اسلحہ لائسنس فراہم کیاجائیگا :قائم مقام کمشنرنادرچٹھہ،معاملات کوازخودچیک کرناہوگا:سی پی او احسن یونس،کمشنرآفس میں اجلاس ملتان (خصوصی رپورٹر ،جنرل رپورٹر )ملتان سمیت پنجاب بھر میں سرکاری یونیورسٹیوں،کالجو ں اور سکولوں میں سکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ وزارت داخلہ پنجاب کے حکم پرتعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمدکریں۔ضلعی انتظامیہ،پولیس ،سپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی،کرائم برانچ اور حساس اداروں کے افسروں و اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں ازسر نو سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں گی ۔جہاں ضرورت محسوس ہوگی وہاں سرچ آپریشن بھی کئے جائیں گے ۔ دوسری طرف قائم مقام کمشنر ملتان ڈویژن و ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے کمشنرآفس میں سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہوں ،مالکان اور ہسپتالوں کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر حکومتی ہدایات کے مطا بق عمل کیا جا رہا ہے ۔اس معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا ،پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مالکان اسلحہ فراہمی کے لئے درخواستیں دیں ،انہیں 48گھنٹوںمیں اسلحہ لائسنس فراہم کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے مختلف کلسٹرز بنا کر سکیورٹی معاملات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے ،مورچے ، واک تھرو گیٹس ،سائرن سسٹم ،دیواروں کو اونچا کرنے سمیت گارڈز کی ٹریننگ کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ سی پی اواحسن یونس نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ہمیں اپنے معاملات کو از خود بھی چیک کر نا ہو گا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)زاہد اکرام نے کہا کہ کمرشل سنٹرز میں قائم تعلیمی اداروں کو دیگر جگہوں پر شفٹ کر نا ضروری ہے ۔ایس ایس پی سپیشل برانچ شریف ظفر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے مالکان بھی دو سے تین ہیڈ ٹیچرز کی اداروں میں ڈیوٹی کو یقینی بنائیں ۔اس موقع پر نجی و سرکاری تعلیمی اداروں ،ہسپتالوں اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ایس ایس پی میڈم عمارہ ،پرنسپل گورنمنٹ ایمرسن کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم ،پرنسپل گورنمنٹ کالج آف سائنس ملتان نسیم شاہد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی اشفاق گجر و دیگر بھی موجود تھے ۔